0

کراچی میں رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ، کل درجہ حرارت 43 ڈگری ہونے کا امکان

کراچی میں بدھ کو رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ ہوا، جمعرات کو گرمی 43 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق شہر میں ہیٹ ویو کے اثرات پڑنے شروع ہوگئے، بدھ کو کم سے کم پارہ 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد رہا ہوا، دن بھر سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں معطل رہیں جس کی وجہ سے گرم و مرطوب دن ریکارڈ ہوا۔

اس دوران دوپہر کے وقت لو کے تھپیڑے چلے، ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے سبب اصل درجہ حرارت سے زیادہ گرمی محسوس کی گئی،محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ دن کے وقت نمی کا تناسب 54 فیصد ریکارڈ ہوا۔

کل سے کراچی ڈویژن کے علاوہ دیہی سندھ کے علاقے ٹھٹھہ، بدین اور سجاول ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہ سکتے ہیں، کراچی میں پارہ 41 سے 43 ڈگری جبکہ دیہی سندھ کے مذکورہ اضلاع میں پارہ 43سے 45 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو شدید گرم اور خشک موسم متوقع ہے جس کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے،بدھ کو دیہی سندھ کے جیکب آباد میں پارہ معمول کے درجہ حرارت سے 7.2 ڈگری اضافے سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق پنجاب اور بالائی سندھ اور بلوچستان کے بعد ہیٹ ویو نے کراچی سمیت سندھ کے دیگر رہ جانے والے اضلاع کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، کراچی میں مئی کے معمول کے درجہ حرارت سے 6ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ گرمی ریکارڈ ہوئی، کراچی میں یکم جون تک ہیٹ ویو کی صورتحال برقراررہے گی، 2جون کے بعد موسم میں بہتری آنا شروع ہوگی جس کے بعد درجہ حرارت 35 سے 36 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے تاہم دیہی سندھ میں ہیٹ ویو کی صورتحال 15جون تک برقراررہ سکتی ہے۔

انہوں ںے مزید کہا کہ اس دوران ہائی پریشر میں کمی کے بعد 2 جون سے 4 جون کے دوران دیہی سندھ میں بھی درجہ حرارت میں کچھ کمی واقع ہوگی مگر 4 جون کے بعد درجہ حرارت دوبارہ بڑھنے اور ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں