پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی رہائی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور اپنا حق اسی طرح لیں گے جس طرح انگریزوں سے آزادی لی تھی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوابی میں پیہور ہائی لیول کنال ایکسٹینشن کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ منصوبہ علاقے کی خوش حالی میں اہم کردار ادا کرے گا، اس منصوبے سے علاقے کا 30 ہزار ایکڑ رقبہ سیراب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کے کمانڈ ایریا میں مزید 8 ہزار ایکڑ اراضی شامل کی جائے گی، زراعت اور آب پاشی صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں، صوبے میں فوڈ سیکیورٹی کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں مادڑن فارمنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکے، ہم نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کے علاوہ روزگار بھی فراہم کریں گے، نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کے لیے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے اور نئے مالی سال کے بجٹ میں ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتے ہیں تاکہ عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں، صوبے کے تمام علاقوں میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام ہوں گے، صوبے میں جو بھی کام ہوگا وہ ہر ضلع اور ہر تحصیل میں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عوام میری ٹیم بنیں اور اپنے علاقوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر کڑی نظر رکھیں، اصلاحاتی پروگرام پر عمل درآمد اور بدعنوانی کے خلاف عوام میرا ساتھ دیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ سرکاری محکمے عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے چلتے ہیں، سرکاری حکام کو عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے تنخواہ ملتی ہے، سرکاری حکام عوام کی خدمت کریں اور ان کے مسائل مقامی سطح پر حل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری حکام روایتی انداز سے ہٹ کر کام کریں اور عوام کے فوری نوعیت کے مسائل بروقت حل کریں، پولیس منشیات فروشوں اور مافیاز کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرے، منشیات فروش ہمارے بچوں کے دشمن ہیں انہیں علاقے سے نکالا جائ۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عوام غلط کاموں کی نشان دہی کریں ہم بھر پور کارروائی کریں گے، ہم ظالم کے خلاف مظلوم اور کمزور کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد تعلیم اور علاج کی فراہمی ہے عمارتیں بنانا نہیں، جہاں پر بھی ضرورت ہو وہاں پر کرائے کی عمارت میں اسکول اور کالج کھولا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے مسئلے پر وفاقی وزرا سے بات ہوئی ہے، لوڈشیڈنگ کم کی جائے گی، ہم وفاق سے صوبے کے حقوق کی بات کرتے ہیں تو سر اٹھا کر کرتے ہیں کیونکہ ہم فارم 45 والے ہیں۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہر قسم کے ترقیاتی کام ہوں گے لیکن ہمارا اصل مقصد حقیقی آزادی ہے، عمران خان ہماری نسلوں کے لیے جیل میں ہیں، ان کی رہائی ہمارا فرض ہے، عمران خان حق پر ہیں، ہم حق کا ساتھ دیتے رہیں گے کیونکہ اللہ نے حق کا ساتھ دینے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف بنائے گئے تمام مقدمات جعلی ہیں انہیں فوری رہا کیا جائے، عمران خان کی رہائی تک ہماری جدو جہد جاری رہے گی، ہر قسم کے مظالم کے باوجود ہم خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، اپنا حق اس طرح لیں گے، جس طرح انگریزوں سے آزادی لی تھی۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپنی تقریر کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ صوابی- ٹوپی روڈ کو دو رویہ کریں گے، گدون میں کرائے کی عمارت میں ڈگری کالج بنایا جائے گا اور زیر تعمیر ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال صوابی رواں برس ہی مکمل کرنے کے لیے درکار فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔