ٹمبر امپورٹرز اینڈ مرچنٹس نے کراچی کے علاوہ لاہور، ملتان کی ٹمبرمارکیٹ بھی احتجاجاً بند کرنیکا اعلان کردیا۔
کراچی ٹمبر امپورٹرز اینڈ مرچنٹس نے ٹمبر کے پھنسے ہوئے کنسائمنٹس کو کلئیرنس نہ دینے پر جمعے کو محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا دینے اور کراچی کے علاوہ لاہور وملتان کی ٹمبر مارکیٹ بھی احتجاجاً بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
یہ اعلان جمعرات کو آل پاکستان ٹمبر ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین شرجیل گوپلانی نے کراچی ٹمبر مرچنٹس کے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
انھوں نے کہا کہ ملک میں ٹمبر کی درآمدات محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کی امپورٹ پرمٹ سے مشروط ہے، امپورٹ پرمٹ کی مدت صرف 6ماہ ہوتی ہے، مڈل ایسٹ جنگ کے باعث ٹمبر کنسائمنٹس کے بحری جہازوں کی آمد تاخیر کا شکار ہیں جسکی وجہ سے مقررہ 6ماہ کی مدت میں متعدد ٹمبر کے کنسائمنٹس پاکستان تاخیر سے پہنچے ہیں جس پر محکمہ پلانٹ پروٹیکشن نے امپورٹ پرمٹ زائد المیعاد قرار دیدیا ہے۔انھوں نے مسئلے کے حل کیلیے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کو 24گھنٹے کا الٹی میٹم دیدیا۔