مظفرآباد / اسلام آباد: جموں و کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے عہدےداران نے نوٹی فکیشن دیکھنے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔
جموں کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے عہدے داران نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر نے لوگوں کے جذبات کے ساتھ کھیلا، اسی وجہ سے آج لاکھوں لوگ سڑکوں پر ہیں۔
عہدے دار جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ جب تک مارچ میں موجود عہدے دار اعلان نہیں کرتے اس وقت تک احتجاج جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں نوٹیفکیشن دکھایا جائے تو ہم احتجاج ختم کر دیں گے۔
عہدے دار جوائنٹ ایکشن کمیٹی سردار ثاقب شاہین نے کہا کہ انڈین میڈیا کے گھناؤنے الزامات مسترد کرتے ہیں،دنیا بھر میں حقوق کے لیے احتجاج ہوتے ہیں، اور آزاد کشمیر کے عوام صرف جائز مطالبات کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی پاکستان مخالف ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، اگر اس نے کشمیر کی طرف بری نگاہ ڈالی تو کشمیری منہ توڑ جواب دیں۔
عہدیداران نے آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف کے نوٹس لینے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے یہ محض سیاسی اعلان نہیں ہو گا بلکہ اس پر عمل ہوگا۔