سووا: فجی کے سابق وزیراعظم فرینک بینی ماراما کو اپنے خلاف کرپشن کیس بند کرانے کے جرم پر ایک سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فجی کے سابق وزیراعظم فرینک بینی ماراما کی اہلیہ شوہر کی دی جانے والی ایک سال قید کی سزا سننے کے بعد بھری عدالت میں رو پڑیں۔
سابق وزیراعظم فرینک بینی ماراما پر ساؤتھ پیسیفک یونیورسٹی کے مالی معاملات میں کرپشن کا الزام تھا اور انھوں نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے پولیس چیف سے تحقیقات رکوادی تھیں۔
اُس وقت کے پولیس چیف وزیراعظم فرینک بینی ماراما کے قریبی دوست بھی تھے اور ان کے کہنے پر پولیس چیف نے کیس بند کروا دیا تھا۔
یاد رہے کہ فرینک بینی ماراما نے 2006 میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں اقتدار پر قبضہ کیا تھا تاہم 2014 اور پھر 2018 میں انتخابات جیت کر وزیراعظم منتخب ہوگئے تھے۔
تاہم 2022 کے الیکشن میں 70 سالہ فرینک بینی مارا ما کو موجودہ وزیراعظم سیتونی رابوکا اور ان کے اتحادیوں نے شکست دیکر اقتدار سے باہر کردیا تھا۔