کراچی: وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب اور وزیرخزانہ کے دورہ واشنگٹن میں اہم پیشرفت، آئی ایم ایف کی نئے پروگرام پر رضامندی سے اسٹاک مارکیٹ میں بھرپور تیزی آگئی، تاہم کچھ ہی دیر میں مارکیٹ شدید مندی کی لپیٹ میں آگئی۔
مثبت معاشی اشاریوں و توقعات سے 100 انڈیکس نے نیا تاریخ ساز ریکارڈز قائم کرلیا۔ کاروبار کے آغاز میں ہی ہنڈریڈ انڈیکس نے 73 ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح عبور کرلی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر ہی 403 پوائنٹس کی تیزی آگئی جس کے نتیجے میں ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس نے 73000پوائنٹس کی سطح بھی عبور کرلی۔ 100 انڈیکس بڑھ کر 73099پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
تاہم کچھ دیر بعد مارکیٹ شدید مندی کی لپیٹ میں آگئی جس کے نتیجے میں 73 اور 72 ہزار کی دو نفسیاتی سطحیں گرگئیں۔ کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ میں 1074پوائنٹس کی مندی آگئی جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس گھٹ کر 71668پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
نجکاری پلان، آئی ایم ایف سے مثبت مذاکرات پر انویسٹرز پراعتماد ہیں جس سے کاروبار میں مسلسل تیزی ہے اور انڈیکس نئی بلندیوں کی جانب پرواز کر رہا ہے۔ مقامی فنڈز اور غیرملکی انویسٹرز کی سرمایہ کاری کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے وابستہ مثبت توقعات اور جاری پروگرام کی آخری قسط کے ممکنہ اجراء کے بعد نئے قرض پروگرام کے حصول کے لیے مذاکرات کے دور شروع ہونے جیسے عوامل کیپیٹل مارکیٹ پر اثرانداز ہیں۔ غیرملکی سرمایہ کار اور مقامی فنڈز شعبہ جاتی بنیادوں پر مارکیٹ میں سرمایہ کاری کررہے ہیں جس سے مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن ہے۔