0

حملے میں کوئی نقصان نہیں ہوا، تمام ڈرونز مار گرائے؛ ایران

تہران: ایران نے میزائل حملے کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس نے تمام ڈرونز مار گرائے ہیں اور کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

تین ایرانی حکام نے نیویارک ٹائمز سے گفتگو میں تصدیق کی کہ یہ حملے ایران کے جوہری تنصیبات کا مرکز کہلائے جانے والے شہر اصفہان کے قریب آرمی ایئر بیس کے قریب کیے گئے۔ اس علاقے میں 3 دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں۔

’این بی سی‘ نیوز نے ایک نامعلوم باخبر ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل نے امریکا کو ایران پر حملے کی پیشگی اطلاع دے دی تھی لیکن ذرائع نے تصدیق کی کہ امریکا نے اس حملے میں حصہ نہیں لیا۔

امریکی حکام کی تصدیق کے باوجود اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے پر تاحال کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

ایک ایرانی اہلکار نے رائٹرز کو بتایا کہ اصفہان میں سنے گئے دھماکے ایرانی فضائی دفاعی نظام کے فعال ہونے کا نتیجہ تھا جس نے ڈرونز کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

سرکاری ایرانی خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ نے اطلاع دی ہے کہ دھماکوں کی شدت کہیں زیادہ تھی لیکن اس کے باوجود کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔

خیال رہے کہ ایران کے اصفہان شہر میں کئی نیوکلیئر سائٹس ہیں۔ اسرائیل اور امریکا کافی عرصے سے ایران کے جوہری منصوبے کو نشانہ بنانے کی دھمکی دیتے آئے ہیں۔

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے میں ایران کے کسی نیوکلیئر سائٹ کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ تمام جوہری تنصیبات محفوظ ہیں۔

ایرانی میڈیا کے بقول آج ملک پر چھوٹے ڈرونز سے حملہ کیا گیا جس کے باعث فضائی حدود بند اور فضائی آپریشنز روک دیے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں