0

بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گی

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت رواں سال بھارت میں ہونے والے انتخابات کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 24 مارچ اتوار کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ملکی ایوان زیریں (لوک سبھا) کے انتخابات کے لیے 111 امیدواروں کی اپنی پانچویں فہرست جاری کی جس میں بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت کا نام بھی شامل تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کنگنا رناوت بی جے پی کے ٹکٹ پر ہماچل پردیش کے شہر مندی سے لوک سبھا کا الیکشن لڑیں گی۔

بی جے پی کی جانب سے ٹکٹ ملنے پر کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی اپنی پوسٹ میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ہمیشہ میری غیر مشروط حمایت حاصل رہی ہے۔

کنگنا رناوت نے کہا کہ بی جے پی کی قومی قیادت نے مجھے میری جائے پیدائش ہماچل پردیش سے اپنا لوک سبھا امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے، میں باضابطہ طور پر پارٹی میں شامل ہونے پر فخر اور خوشی محسوس کررہی ہوں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ میں الیکشن جیت کر اپنی خدمات سے ایک قابل اعتماد سرکاری ملازم بننے کی منتظر ہوں۔

واضح رہے کہ بھارت میں عام انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت 19 اپریل کو انتخابات کا آغاز ہوگا اور 4 جون کو حتمی نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں