0

بیرون ملک ملازمت کے نام پر شہریوں سے کئی ارب کا فراڈ، خاتون سمیت چار ملزمان گرفتار

اسلام آباد: ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے گلوبل سٹیزن شپ سلوشن ایجنسی کے نام سے سیکڑوں شہریوں کے ساتھ فراڈ کرنے والے گینگ کو گرفتار کرلیا جن میں خاتون سمیت چار ملزمان شامل ہیں۔

چھاپہ مار کارروائی میں خاتون سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان نے بیرون ملک امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا سمیت یورپی ممالک میں ملازمت کے نام پر سادہ لوح شہریوں سے اربوں روپے ہتھیائے۔ ملزمان کے خلاف ملک بھر میں سیکڑوں انکوائریاں اور مقدمات درج تھے۔

ملزمان نے گلوبل سٹیزن شپ سلوشن ایجنسی نے نام سے سیکڑوں شہریوں سے زندگی بھر کی جمع پونجی لوٹی، مذکورہ گینگ کے خلاف ایف آئی اے، وفاق، پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں بھی سیکڑوں انکوائریاں اور مقدمات درج تھے۔
ملزمان کے خلاف انکوائریاں اور مقدمات گزشتہ 2 سال میں درج ہوئے تھے۔ ملزمان نے متاثرین سے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے بھی رقوم وصول کیں۔ ملزمان سوشل میڈیا پر شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر لوٹتے تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں ملک بلال، عمیر کاظمی، صدام حسین اور خاتون شامل ہیں، ملزمان کو اسلام آباد کے علاقے ایف سیون سے گرفتار کیا گیا، ملزمان گزشتہ 3 سال سے روپوش تھے۔

ملزمان نے انڈیگو مائیگریشن سروسز کے نام سے نئی ایجنسی بنائی ہوئی تھی۔ ملزمان مذکورہ غیر قانونی ایجنسی نے نام پر سادہ لوح شہریوں سے بیرون ملک کے نام پر پیسے ہتھیا رہے تھے۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں