0

رانی مکھرجی کونسی مجبوری کی وجہ سے سالگرہ نہیں مناتی تھیں؟

ممبئی: ماضی کی مقبول ترین بالی ووڈ اداکارہ رانی مکھرجی نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے بچپن میں کبھی اپنی سالگرہ نہیں منائی۔

آج 21 مارچ کو رانی مکھرجی اپنی 46ویں سالگرہ منائیں گی، اس موقع پر اُنہوں نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بچپن سے ہی سالگرہ منانا بہت پسند ہے لیکن ہمیشہ میری سالگرہ کے دوران، اسکول کے فائنل امتحانات آجاتے تھے جس کی وجہ سے والدہ سالگرہ نہیں منانے دیتی تھیں۔

رانی مکھرجی نے کہا کہ میں اپنی سالگرہ کے دن دُکھی ہوتی تھی کیونکہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ سالگرہ کا جشن منانے کے بجائے، کتابیں لیکر امتحانات کی تیاری کررہی ہوتی تھی۔
اداکارہ نے کہا کہ میری والدہ میری اُداسی دور کرنے کے لیے مجھے چاکلیٹس دیتی تھیں تاکہ میں اپنی کلاس کے تمام دوستوں کو وہ چاکلیٹ دے کر اپنی سالگرہ کی تھوڑی سی خوشی منا سکوں۔

اُنہوں نے اپنے انٹرویو میں یہ بھی اعتراف کیا کہ اب وہ اپنی بیٹی ادیرا کے ذریعے اپنی تمام ادھوری خواہشات کو پوری کرتی ہیں۔

رانی مکھرجی نے کہا کہ اب میں اپنی بیٹی ادیرا کی سالگرہ بہت پیار سے مناتی ہوں، مجھے اپنی سالگرہ سے جو توقعات تھیں، انہیں میں اپنی بیٹی کی سالگرہ کے ذریعے پورا کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ میں اپنی سالگرہ کو سادگی سے مناکر زیادہ خوش ہوتی ہوں، میں اپنی بیٹی، شوہر، ماں اور اپنے چند قریبی دوستوں کے ساتھ سالگرہ منانا پسند کرتی ہوں، جب ہم ساتھ ہوتے ہیں تو ہم ایک ساتھ ہنستے ہیں، ہم اچھا کھانا کھاتے ہیں۔

واضح رہے کہ رانی مکھرجی نے سال 2014 میں یش چوپڑا کے بیٹے ادیتیہ چوپڑا سے شادی کی تھی اور سال 2015 میں ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں