0

خلاء میں جہاز بھیجنے کے لیے نئے سسٹم پر کام جاری

بیجنگ: چینی سائنس دان ایک ایسے بڑے الیکٹرو میگنیٹک لانچ ٹریک پر کام کر رہے ہیں جو 50 ٹن وزنی خلائی جہاز کو مدار میں بھیجنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔

ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ (ایس سی ایم پی) کی رپورٹ کے مطابق ’جائنٹ ریل گن‘ سسٹم کو اس طرح سے ڈیزائن کیا جائے گا جو ہائپر سونک طیارے کی رفتار کو ماک 1.6 تک بڑھا دے گا۔ طیارے کے ٹریک کے آخر تک پہنچنے کے بعد اس کے انجن اس کو آواز کی رفتار سے سات گُنا زیادہ رفتار سے اڑا کر خلاء تک لے جائیں گے۔

اگر چینی سائنس دان یہ سسٹم بنانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو اس کی مدد سے خلائی جہازوں کو خلاء میں بھیجنے کے لیے درکار ایندھن کی مقدار میں واضح کمی لائی جاسکے گی اور زیادہ تعداد میں پے لوڈ خلاء میں بھیجے جاسکیں گے۔

ایس سی ایم پی کے مطابق چینی سائنس دان اس خیال کو حقیقت میں بدلنے کے لیے فعال انداز میں کام کر رہے ہیں۔

واضح رہے چین پہلا ملک نہیں ہے جو الیکٹرو میگنیٹک اسپیس لانچ سسٹم کے استعمال کے متعلق سوچ رہا ہے۔ 1990 کی دہائی میں ناسا نے 50 فٹ طویل ایک آزمائشی ریل بنانی شروع کی تھی لیکن ناکافی فنڈز اور تکنیکی رکاوٹوں کے سبب منصوبے کو ترک کر دیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں