18 فروری اتوار کو ملتان انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں اپنے شوہر شعیب ملک کو سپورٹ کرنے کے لیے ان کی اہلیہ ثنا جاوید بھی اسٹیڈیم میں نظر آئیں۔
میچ کے دوران اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے ثنا جاوید کو دیکھ کر ’ثانیہ مرزا‘ کے نعرے لگائے جس پر ثنا جاوید کچھ پریشان نظر آئیں تاہم انہوں نے بظاہر خود کو قابو میں رکھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ثنا جاوید کو ثانیہ مرزا کے نعرے لگانے والے تماشائیوں کی طرف متوجہ ہوتے ہوئے غصے میں دیکھا گیا۔
اس وائرل ویڈیو پر جہاں سوشل میڈیا صارفین نے نعرے لگانے والوں پر تنقید کی تو وہیں اداکارہ مدیحہ رضوی بھی ثنا جاوید کے دفاع میں سامنے آگئیں۔
مدیحہ رضوی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ یہ دیکھ کر بہت دُکھ ہوا، ہر کسی کی اپنی ذاتی زندگی ہے، کسی عورت کا عوام میں مذاق اُڑانا آپ کی اپنی تربیت دکھاتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ اس طرح کی حرکت کرکے آپ اپنے ماں باپ کی عزت اور تربیت کو سرِعام نیلام کررہے ہو، اگر کوئی عورت آپ کے آس پاس خود کو محفوظ محسوس نہیں کرتی تو آپ صرف ایک جانور ہیں۔
اُنہوں نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ جس نے بھی یہ نعرے لگائے ہیں، اس کو شرم آنی چاہیے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ 18 فروری کو ملتان انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران پیش آیا تھا۔
آل راؤنڈر شعیب ملک پی ایس ایل 9 میں کراچی کنگز کی طرف سے کھیل رہے ہیں، اس میچ میں ان کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم شعیب ملک نے ذاتی طور پر عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی تھی۔