0

اسرائیل غزہ میں ہٹلر کا کردار ادا کررہا ہے، برازیل

عدیس ابابا: برازیل کے صدر لو لا دا سیلوا نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں ہٹلر کا کردار ادا کررہا ہے۔

برازیلی صدر لو لا دا سیلوا نے افریقی یونین کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کا اندھا دھند قتل عام نسل کشی ہے۔ اسرائیل اس وقت غزہ میں ہٹلر کا کردار ادا کررہا ہے۔ اسرائیلی فورسز جو کچھ غزہ میں کر رہی ہیں یہ سپاہیوں کی سپاہیوں کے خلاف جنگ نہیں بلکہ انتہائی جدید اسلحے سے لیس فوج کی عورتوں اور بچوں کے خلاف جنگ ہے۔

برازیلی صدر کا مزید کہنا تھا کہ دنیا جو اس وقت دیکھ رہی ہے ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ تاریخ اس وحشیانہ جنگ کی مثال پیش نہیں کرسکتی جس کا نشانہ عورتیں اوربچے ہوں۔ یہ ویسی صورتحال ہے جیسا ہٹلر نے یہودیوں کے ساتھ کیا تھا۔

غزہ میں گزشتہ سال اکتوبر میں شروع ہونے والے اسرائیل کے حملوں میں اب تک 29 ہزار سے زائد فلسطینی مرد، خواتین اور بچے شہید ہوچکے ہیں اور ہزاروں زخمی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں