0

پروٹین سے بھرپور ہائبرڈ چاول

سول: سائنس دانوں نے چاول کے دانوں میں بیف (گائے کے گوشت) کے خلیوں کو اگا کر سستی اور ماحول دوست غذا بنانے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

جنوبی کوریا کی یونسی یونیورسٹی کے محققین نے بتایا کہ انہوں نے ایسے بیف چاول اگائے ہیں جو پروٹین پر مبنی کم مہنگی غذا فراہم کر سکیں گے ساتھ ہی اس سے کاربن کا اخراج بھی کم ہوگا۔

سائنس دانوں نے بتایا کہ 100 گرام پروٹین کی پیداوار میں ہائبرڈ چاول 6.27 کلو گرام سے تھوٹی کم کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج ہوتی ہے جبکہ اتنی مقدار میں بیف کی پیداوار کے سبب 49.9 کلو گرام کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج ہوتی ہے۔

سائنس دانوں کا کہنا تھا کہ سادہ چاول فی کلو 2.20 ڈالر میں فروخت ہوتا ہے جبکہ فی کلو بیف کی قیمت 14.88 ڈالر ہے۔ لیکن مارکیٹ میں ان ہائبرڈ چاولوں کی فروخت کی صورت میں یہ غذا2.23 ڈالر میں دستیاب ہوگی۔

اس ہائبرڈ غذا کی غذائیت اور ذائقے کے متعلق بات کرتے ہوئے سائنس دانوں کا کہنا تھا کہ ان کے اگائے گئے یہ ہائبرڈ چاول عام چاول کے مقابلے میں آٹھ فی صد زیادہ پروٹین اور سات فی صد زیادہ چکنائی رکھتے ہیں۔

جامعہ سے تعلق رکھنے والی سوہیون پارک کا کہنا تھا کہ ہم عموماً پروٹین مویشیوں سے حاصل کرتے ہیں لیکن مویشیوں کی دیکھ بھال میں بھاری مقدار میں وسائل اور پانی خرچ ہوتا ہے جبکہ بڑی مقدار میں گرین ہاؤس گیس خارج ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تصور کریں ہم تمام اجزاء ان ہائبرڈ چاول سے حاصل کریں۔ چاولوں میں پہلے ہی بلند مقدار میں اجزاء ہوتے ہیں لیکن مویشیوں کے خلیوں کا اضافہ غذائیت کو مزید بڑھا سکتا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں