0

کیا وفاقی حکومت بن گئی؟ وزیراعظم کون ہیں؟ چیف جسٹس پاکستان

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی نے استفسار کیا ہے کہ کیا وفاقی حکومت بن گئی؟ وزیراعظم کون ہیں؟۔

سپریم کورٹ میں گلگت بلتستان کی اعلیٰ عدلیہ میں ججز تعیناتی کیس کی سماعت ہوئی، جس میں مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی قبضے کا تذکرہ بھی ہوا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ گلگت بلتستان کو صوبائی حیثیت دیکر آئینی دھارے میں لانا چاہتے ہیں لیکن عالمی کنونشنز رکاوٹ ہیں۔
چیف جسٹس فائز عیسی نے ریمارکس دیے کہ بھارت نے تو کشمیر کو ہڑپ کر لیا ہے، کیا وفاقی حکومت بن گئی ہے؟ وزیراعظم کون ہیں؟۔

جی بی حکومت کے وکیل سعد ہاشمی نے جواب دیا کہ حکومت نہیں بنی، سنا ہے 29فروری کو اسمبلی اجلاس ہوگا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل دیے کہ مناسب ہوگا کہ نئی حکومت کی تشکیل کا انتظار کر لیا جائے، وزیراعظم جی بی کونسل کے چیئرمین ہوتے ہیں۔

وکیل محمد ابراہیم نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے گلگت بلتستان کے حوالے سے 2019 میں فیصلہ دیا تھا، سات رکنی بنچ کا فیصلہ موجودہ کیس سے ہی منسلک ہے۔

سپریم کورٹ نے لارجر بنچ کی تشکیل کیلئے معاملہ ججز کمیٹی کو بھجواتے ہوئے عدالتی معاونت کیلئے گلگت بلتستان بار کونسل اور سپریم اپیلیٹ بار ایسوسی ایشن کو نوٹس جاری کردیے۔

عدالت نے فریقین کو تحریری معروضات بھی جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں