0

اوصلو ناروے میں اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے پاکستان میں ہونے والے الیکشنز کے متعلق الیکشن سیل کا بھرپور انعقاد

اوسلو ناروے میں قائم الیکشن سیل میں اوسلو کے مضافات سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والےبہت سے لوگوں نے اپنی پرجوش شرکت کو یقینی بنایا۔

اوورسیز پاکستانی جہاں تلاش معاش کے سلسلے میں اپنے خاندانوں کے لیے دیار غیر میں سرگرم عمل ہیں وہیں یہ لوگ اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سالانہ ایک بڑے ریونیو کا انتظام بھی کرتے ہیں، اپنے ملک سے ان کی والہانہ محبت ایک فقید المثال جذبہ ہے جس کا اظہار یہ ہمیشہ عملی طور پر کرتے ہیں۔

پاکستان میں ہونے والے جنرل الیکشنز کی وجہ سے ملک بھر میں عید کا سماں تھا جہاں الیکشنز کی وجہ سےپوری قوم بڑھ چڑھ کر اپنی خوشی کا اظہار کر رہی تھی وہیں یہ اوورسیز پاکستانی بھی اس موقع پر اپنے ملک سے اپنی جذباتی اور والہانہ محبت کےاظہار میں کسی سے پیچھے نہ تھے، پاکستان میں 8 فروری کو الیکشنز کی صورت میں ایک نیا سورج طلوع ہونے جا رہا تھا جس کے لیے پوری پاکستانی قوم کے ساتھ ساتھ یہ تمام اوورسیز پاکستانی بھی بہت ایکسائٹڈ تھے۔

پاکستان میں ہونے والے 8 فروری کے الیکشنز کے لیے اوسلو ناروے میں اس قائم شدہ الیکشن سیل میں ایک میڈیا سیل بھی قائم کیا گیا تھا جس کے ذریعے مضافات میں بسنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں ہونے والے الیکشنز کے سلسلے میں پیش آنےوالے تمام واقعات کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹنگ کی جا رہی تھی۔

اس موقع پر جہاں پاکستان میں منعقد الیکشنز کی ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی وہیں پی ٹی آئی کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا، پاکستان میں عمران خان پر بننے والے جھوٹے مقدمات اور ان کی وجہ سے انہیں سنائی جانے والی سزاؤں کی سختی سے مذمت کی گئی اس کے ساتھ ساتھ پاکستان میں پی ٹی آئی کے ورکرز اور کارکنوں پر ریاست کا تاریخی جبر بھی موضوع بحث رہا، مزید براں الیکشنز میں قوم نے برادری ازم، صوبائی تعصب، مذہبی، معاشرتی،لسانی اور سماجی تفریق کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صرف اور صرف عمران خان کے نام پر ووٹ کاسٹ کر کے یہ ثابت کر دیا کہ عمران خان کسی ایک شہر صوبے یا جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا لیڈر ہے۔

اس پوری ایکٹیوٹی کو ناروے کے سب سے بڑے الیکٹرانک میڈیا NRK نے کور کیا، NRK نے اس موقع پر ناروے سے پی ٹی آئی کی کوآرڈینیٹرثمینہ احمد سمیت ناروے میں پی ٹی آئی کے بانی اور پہلے صدر شاہد جمیل صاحب کا تفصیلی انٹرویو بھی کیا، NRK میڈیا نے اس پوری سٹوری کو اپنے سات بجے کے مین بلیٹن کا حصہ بنایا۔

اس موقع پر جنگ اور نور پاک میڈیا کے نمائندگان بھی خصوصی طور پر موجود تھے جو اپنی صحافتی ذمہ داریوں کی تکمیل میں سرگرم عمل رہے۔

آخر میں شرکاء نے پوری قوم اور پی ٹی آئی قیادت کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں