0

شاہ رخ خان کا اہلیہ کو تحفے میں پلاسٹک کے سستے جھمکے دینے کا انکشاف

ممبئی: بالی ووڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے اپنے پہلے ویلنٹائنز ڈے (محبتوں کا عالمی دن) پر اپنی اہلیہ گوری خان کو پلاسٹک کے سستے جھمکے دیے تھے۔

14 فروری کو دنیا بھر میں محبتوں کا عالمی دن یعنی ویلنٹائنز ڈے منایا جاتا ہے، اس دن لوگ اپنے پیاروں سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے تحفے دیتے ہیں جن میں سرِفہرست گلاب کے پھول اور چاکلیٹس ہوتی ہیں۔

ویلنٹائنز ڈے میں چند دن باقی ہیں اور ایسے میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کا پرانا ٹوئٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں اُنہوں نے گوری خان کو دیے گئے تحفے کے بارے میں بتایا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک مداح نے شاہ رخ خان سے پوچھا تھا کہ اُنہوں نے گوری خان کو اپنے پہلے ویلنٹائنز ڈے پر کونسا تحفہ دیا تھا؟

مداح کے سوال کا جواب دیتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا تھا کہ مجھے جہاں تک یاد ہے تو ہمارے پہلے ویلنٹائنز ڈے کو تقریباََ 34 برس ہوچکے ہیں اور میں نے گوری خان کو گلابی رنگ کے پلاسٹک کے جھمکے تحفے میں دیے تھے۔

شاہ رخ خان نے یہ ٹوئٹ سال 2023 میں کیا تھا جوکہ اب ایک سال بعد ویلنٹائنز ڈے کے موقع پر وائرل ہورہا ہے۔

یاد رہے کہ شاہ رخ خان نے بھارتی شو ‘آپ کی عدالت’ میں بتایا تھا کہ وہ گوری خان سے پہلی بار دہلی میں ہونے والی ایک پارٹی میں ملے تھے، اس وقت اداکار کی عمر 18 برس تھی جبکہ گوری خان صرف 14 سال کی تھیں۔

شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ گوری خان پہلی لڑکی تھی جس نے اُن سے تین سیکنڈ سے زیادہ بات کی تھی اور اُنہیں پہلی ملاقات میں ہی گوری سے محبت ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ شاہ رُخ خان اور گوری خان 1991 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، گوری خان ایک انٹیرئیر ڈیزائنر اور بزنس ویمن ہیں، اس خوبصورت جوڑی کے 3 بچے ہیں جن میں ایک بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں