قلات: جمعیت علمائے اسلام ( ف ) نے عام انتخابات کی شفافیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات میں قومی لیڈروں کو ہروایا گیا اور ایسے لوگوں کو جتوا یا گیا جن کا حلقے میں نام تک نہیں تھا۔
جمعیت علمائے اسلام ( ف ) کے سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبد الغفورحیدری نے انتخابات کے نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2024 کے انتخابات نے نئی تاریخ رقم کی ہے جس میں قومی لیڈروں کو ہروایا گیا اور ایسے لوگوں کو جتوا یا گیا جن کا حلقے میں نام تک نہیں تھا۔
مولانا عبد الغفورحیدری نے کہا کہ الیکشن میں مرضی کے لوگوں کو کامیاب کروایا گیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ الیکشن کمیشن کیوں اتنا بے بس رہا، عین الیکشن کے دن موبائل سروس کو بند کردیا گیا۔
سیکریٹری جنرل جے یو آئی نے کہا کہ پاکستان میں الیکشن کمیشن نے نئی روایتیں قائم کی ہیں، 2013، 2018 اور 2024 کے انتخابات میں ایسے لوگوں کو جتوایا گیا جن کو حلقے کے لوگ جانتے تک نہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اس بات پر تلا ہوا ہے کہ قوم کو منتخب حکومت نہیں دینی بلکہ ایسی حکومت دینی ہے جو شو پیس کا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عنقریب مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس طلب کررہے ہیں جس میں آئندہ کالائحہ طے کریں گے اوراپنا موقف دیں گے۔