کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی دن بھر ہلکی و تیز بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج اتوار کے روز بھی کراچی میں دن بھر وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش ہو سکتی ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق شہر میں آج کہیں ہلکی اور کہیں معتدل بارش کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہفتے کی رات 9 بجے کے بعد شہر میں ہونے والے موسلا دھار بارش کے بعد اتوار کی صبح پھر مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ سرجانی ٹاؤن، گلشن اقبال، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، اسکیم 33، نارتھ ناظم آباد اور دیگر علاقوں میں تیز بارش ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شہر میں شدید بارش کے بعد پورا کراچی دریا کا منظر پیش کررہا تھا، جس کی وجہ سے شہری رات گئے تک سڑکوں پر طویل ٹریفک جام میں پھنسے رہے۔ سیکڑوں گاڑیاں راستے میں بند ہو گئیں۔ سیوریج سسٹم ناکارہ ہونے اور انتظامیہ کی جانب سے پیشگی انتظامات نہ کیے جانے اور بجلی منقطع ہو جانے کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔
اتوار کی صبح تک کئی علاقوں میں پانی جمع تھا جب کہ ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔ کورنگی کاز وے سے برساتی پانی کا اخراج جاری ہے جب کہ نشیبی علاقوں میں کھڑا پانی تاحال جمع ہے، جس کی وجہ سے شہری محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور 10 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران ہوا 20 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلے گی۔
کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق
شہر میں موسلا دھار بارش کے دوران ایک واقعے میں کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہو گیا جب کہ دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 2 افراد زخمی ہوگئے ۔
لائنز ایریا کے علاقے جٹ لائن بادام بیکری کے قریب ایک شخص کو کرنٹ لگ گیا، جسے فوری طور پر جناح اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اس کی موت کی تصدیق کر دی ۔متوفی کی شناخت 19 سالہ دلاور کے نام سے کی گئی۔
دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 2 افراد زخمی
دریں اثنا فیروز آباد کے علاقے کشمیر روڈ چائنا پارک کی دیوار گرنے سے 2 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں ایدھی کے رضا کاروں نے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا۔ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کی شناخت 65 سالہ جنید اور 35 سالہ وسیم کے نام سے کی گئی ۔
جناح اسپتال کے میڈیکل آئی سی یو میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی
کراچی میں ہونے والی شدید بارش کے دوران جناح اسپتال کے میڈیکل آئی سی یو میں بجلی کے شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی۔ اس دوران مختلف وارڈز میں بجلی بند ہونے کی وجہ سے اندھیروے میں مریضوں اور طبی عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر لاونج کی چھتیں ٹپکتی رہیں
علاوہ ازیں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کی ابتر صورت حال بھی بارش میں عیاں ہو گئی، جہاں چھتیں ٹپکنے کے مناظر سامنے آئے۔ ائرپورٹ انتظامیہ نے پانی گرنے والی جگہوں پر گملے رکھ دیے، جس سے انٹرنیشنل لاونج عجیب و غریب منظر پیش کرنے لگا۔ بارش کے دوران مختلف ائرلائنز کے کاؤنٹرز کے قریب چھتیں ٹپکتی رہیں۔