0

شاہ رخ خان نے جاوید شیخ کی سگریٹ نوشی کی فرمائش پوری کردی

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے فلم ‘اوم شانتی اوم’ کے سیٹ پر پاکستان کے سینیئر اداکار جاوید شیخ کی فرمائش پوری کردی۔

سینیئر اداکار جاوید شیخ نے اپنے ایک انٹرویو میں بالی ووڈ کی سُپر ہٹ فلم ‘اوم شانتی اوم’ کے سیٹ پر شاہ رخ خان سے کی گئی فرمائش کے بارے میں بتایا۔

جاوید شیخ نے کہا کہ “جب ہم فلم ‘اوم شانتی اوم’ کی شوٹنگ کررہے تھے تو سیٹ پر دو چیزوں کی پابندی تھی، ایک تصویر لینا اور دوسرا سیٹ پر سگریٹ نوشی کرنا”۔

اداکار نے کہا کہ “مجھے جب بھی سیگریٹ نوشی کرنی ہوتی تھی تو میں سیٹ سے باہر جاکر سیگریٹ پیتا تھا جبکہ شاہ رخ خان کے لیے فلم کے سیٹ پر ہی خصوصی طور پر ٹیبل لگائی جاتی تھی”۔

اُنہوں نے کہا کہ “جب فلم کی شوٹنگ کا آغاز ہوا تو شاہ رخ خان نے مجھے گلے سے لگایا اور کہا اگر آپ کو سیٹ پر کسی بھی چیز کی ضرورت ہو تو مجھے بتائیے گا”۔

جاوید شیخ نے کہا کہ “پھر میں نے شاہ رخ خان سے کہا کہ میں بھی آپ کی طرح سیٹ پر سیگریٹ نوشی کرنا چاہتا ہوں کیونکہ مجھے سیٹ سے باہر جانا پڑتا ہے، میری فرمائش سُن کر کنگ خان نے میرے لیے ٹیبل لگوائی اور اُس پر ایش ٹرے رکھ دی”۔

واضح رہے کہ جاوید شیخ سال 2017 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم ‘اوم شانتی اوم’ میں نظر آئے تھے، اس فلم میں شاہ رخ خان کے ہمراہ اداکارہ دیپیکا پڈوکون جلوہ گر ہوئی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں