0

پادری نے ’خدا کا حکم‘ کہہ کر پیروکاروں سے لاکھوں ڈالرز کرپٹو کرنسی کا فراڈ کردیا

کولوراڈو: امریکا میں ایک پادری کو تقریباً 32 لاکھ ڈالرز مالیت کے کرپٹوکرنسی فراڈ کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کولوراڈو پادری ایلی ریگالڈو اور ان کی اہلیہ نے ایک غیرفعال کرپٹو کوائن کی تشہیر کرکے اپنے چرچ کے پیروکاروں کے ساتھ لاکھوں ڈالرز کا فراڈ کیا جس کے بارے میں پادری کا دعویٰ ہے کہ یہ سب کچھ انہوں نے خدا کے کہنے پر کیا۔

ایلی ریگالڈو اور ان کی اہلیہ کیٹلن نے محفوظ اور زیادہ منافع والی سرمایہ کاری کے طور پر ایک غیرفعال کریپٹو کرنسی پلیٹ فارم شروع کیا اور لوگوں کو اس میں سرمایہ کاری پر اکسایا یہ کہتے ہوئے کہ سب خدا کی طرف سے حکم ہے۔ دونوں فی الحال مقامی سیکورٹی ادارے کی حراست میں ہیں جہاں ان سے تفتیش جاری ہے۔

کولوراڈو ڈویژن سیکیورٹیز کے مطابق جوڑے نے INDXcoin کا استعمال کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ان کے کرپٹو کرنسی ایکسچینج کے ذریعے اس میں سرمایہ کاری کریں جب کہ حقیقت میں ان کا کرپٹو کرنسی ایکسچینج غیر فعال تھا۔

ریگالڈو نے اپنے اعتراف میں کہا یہ سارا کام خدا کا تھا لیکن وہ تسلیم کرتے ہیں کہ ہوسکتا ہے کہ انہیں خدا کی بات سمجھنے میں غلطی ہوئی ہو۔ ریگالڈو نے کہا کہ پہلے میں نے خدا سے کہا کہ میں یہ نہیں کرنا چاہتا۔ میں نہیں جانتا کہ یہ کیسے کرنا ہے اور مجھے اس شعبے میں کوئی تجربہ بھی نہیں۔ علاوہ ازیں میں کسی جرم میں کہیں پھنس نہ جاؤں تاہم بقول پادری کے خدا نے مجھے پھر بھی یہ کام کرنے پر مجبور کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں