کبیہا: ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہورہی ہے جس میں ننھے ہاتھی کو بچانے کیلئے ہاتھیوں کے پورے خاندان کو مل کر کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک سیاح جوڑے، جو ہنی مون منانے جنوبی افریقہ آیا ہوا تھا، نے ہاتھی خاندان کے اس طرح مل کر کام کرنے کا مشاہدہ کیا اور اس کی ویڈیو اہلیہ جولانڈی نے LatestSightings.com پر شیئر کی۔
جولانڈی نے بتایا کہ جنوبی افریقہ کے ایڈو ایلیفنٹ نیشنل پارک کا یہ ہمارا پہلا دورہ تھا جہاں ہم نے ہاتھیوں کے اتنے بڑے ریوڑ کو دیکھا اور اس میں ایک پیارے بچے کو پایا۔
یہ ننھا پاتھی پانی پینے کی کوشش کر رہا تھا لیکن چھوٹا ہونے کی وجہ سے یہ پانی تک پہنچ نہیں پارہا تھا، اس لیے اسے پانی کے کنارے کے قریب جانا پڑا۔ تاہم کیچڑ والی زمین کی وجہ سے وہ کیچڑ میں گر گیا۔
خاتون کا کہنا تھا کہ ننھے ہاتھی کے گرنے کے ساتھ ہی پورے ریوڑ میں ہلچل مچ گئی۔ سب سے پہلے پانی کے قریب ہاتھی پھر تمام ہاتھی بچے کو بچانے بھاگے اور اپنی سونڈ پھیلا کر بچے کو باہر نکالنے کی کوشش کی۔ بالآخر کافی جدوجہد کے بعد ہاتھی خاندان اپنے ننھے ہاتھی کو بحفاظت نکالنے میں کامیاب ہوگیا۔