0

میرے کیسز پر مانیٹرنگ جج بن کر بیٹھنے والا استعفیٰ دیکر چلا گیا کیونکہ دال میں کچھ کالا تھا،نوازشریف

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے قائد نوازشریف نے کہا ہے کہ میں بے قصور تھا، مجھے سزائیں دینے والے جج ایک ایک کرکے رخصت ہوگئے۔

لاہور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں نے اپنی بہن بھائیوں کی بھرپورخدمت کی ہے، اگر میں نے کچھ نہ کیا ہوتا تو آپ مجھ سے اس طرح عشق نہ کر رہے ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ آپ بھی جانتے ہیں نواز شریف بے قصور تھا، سزائیں دینے والے ایک ایک کر کے رخصت ہو گئے، چند ماہ بعد چیف جسٹس بننے والا جج بھی چلا گیا، وہ کیوں چلا گیا کیونکہ دال میں کچھ کالا تھا۔

نوازشریف نے کہا کہ وہ ( جج ) میرے کیسوں پر مانیٹرنگ جج بن کے بیٹھا ہوا تھا، اب وہ استعفے دے چکا ہے اور نواز شریف آپ کے سامنے کھڑا ہے۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ میرا دل چاہتا ہے کہ میں آپ کے لیے وہ سب کچھ کروں جس کی آپ مجھ سے توقع کرتے ہیں، پہلے بھی میں نے خلوص کے ساتھ کوشش کی اور آئندہ بھی کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوال ہے کہ نواز شریف تھا تو گھروں میں سکون تھا، مہنگائی کا کوئی نام و نشان نہیں تھا، ہر چیز سستی تھی، آج روٹی 20 اور نان 25 سے 30 روپے کا ہو چکا ہے۔

انہوں نے استفسار کیا کہ اس زمانے کو کون کہاں لے گیا، اس زمانے کو واپس لانا ہے، آپ کے گھروں کو دوبارہ بسانا ہے، نوجوانوں کو روزگار دینا ہے اور ان کے باعزت مستقبل کو سنوارنا ہے، سبز پاسپورٹ کی عزت بحال کروانی ہے۔

قائد ن لیگ نے کہا کہ نواز شریف کی چھٹی نہ کروائی جاتی تو کوئی بےروزگار نہ ہوتا، ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں، ہم نے بہت زخم کھائے ہیں۔

انہوں نے عوام سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ نے مسلم لیگ ن کا ساتھ دینا ہے، ہم اس ملک و قوم کو اپنے پیروں پر کھڑا کریں گے اور یہ دنیا کی خوشحال ترین قوم بنے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں