گجرات: بالی ووڈ کی مقبول جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور نے 69 ویں فلم فیئر ایوارڈز میں بہترین اداکار اور اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز گجرات میں فلم فیئر ایوارڈز کے 69ویں ایڈیشن کی تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں بالی ووڈ اسٹارز، گلوکاروں، ہدایتکاروں، پروڈیوسرز، رائٹرز سمیت دیگر شخصیات کو اُن کے بہترین کام کے اعزاز میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اس تقریب میں عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی جوڑی توجہ کا مرکز رہی کیونکہ اس جوڑی نے فلم فیئر ایوارڈز کے دونوں بڑے اعزاز اپنے نام کیے۔
عالیہ بھٹ نے فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں شاندار اداکاری کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتا جبکہ رنبیر کپور کو فلم ’اینیمل‘ میں اُن کے کردار کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ ملا۔
رنبیر کپور نے اپنا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے اپنے والد اور لیجنڈری بالی ووڈ اداکار رشی کپور کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اداکاری کے ذریعے والد سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
اس تقریب میں رنبیر کپور نے اپنی بلاک بسٹر فلم ’اینیمل‘ کے مشہور گانے ‘جمال جمالو کدو’ پر اپنی اہلیہ عالیہ بھٹ کے ہمراہ ڈانس بھی کیا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
دوسری جانب رنبیر کپور کی والدہ نیتو کپور نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اپنی بہو عالیہ بھٹ اور بیٹے کو ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی۔