راولپنڈی: آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا، جہاں ملاقات پر تحریک انصاف کے بانی چیئرمین نے ملاقات کی اور جیل میں ملنے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا اور سیکیورٹی، اڈیالہ میں جاری ٹرائل کے حوالے سے عدالتی سیکیورٹی و انتظامات کا جائزہ لیا۔
میاں فاروق نذیر نے قیدیوں کیلئے کئے گئے فلاحی اقدامات، قیدیوں ، حوالاتیوں ، نو عمر بچوں اور خواتین کے وارڈز کا بھی معائدہ کیا اور قیدیوں کے مسائل سن کر موقع پر ان کے حل کے احکامات جاری کئے۔
آئی جی جیل خانہ جات نے قیدیوں کی درخواست پر ٹیلی فون کال کی سہولت ہفتے میں ایک دفعہ سے بڑھا کر دو دفعہ کال کی سہولت دینے کے احکامات جاری کیے جبکہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کی درخواست پر ٹی وی کیبل پر روزانہ دو گھنٹے پشتو چینل آپریٹ کرنے کے احکامات بھی دیے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جیل کے اندر قیدیوں کی سہولت کیلئے اسمارٹ یوٹیلٹی سٹور کھولیں جائیں، جہاں چائے، قہوہ، کورلڈرنک، بیکری اور دیگر اشیا صبح سے شام تک دستیاب ہوں گی۔
آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے جیل میں بند سیاسی لیڈروں بانی پی ٹی آئی عمران خان، چوہدری پرویز الٰہی ، شیخ رشید احمد ، شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری کے وارڈز کا معائنہ کیا اور اُن سے ملاقات کر کے انہیں فراہم کی گئیں سہولیات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔
جیل حکام کے مطابق عمران خان اور دیگر سیاسی لیڈروں نے جیل میں قانون کے مطابق فراہم کردہ سہولیات اور جیل افسران اور ملازمین کے رویے پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ آئی جی جیل خانہ جات کے دورے کے دوران کسی سیاسی لیڈر نے جیل کے افسران اور ملازمین کے تعاون ، طبی سہولیات کی فراہمی اور رویے کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی شکایت نہیں کی۔