ملتان: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم کو 8 فروری سے پہلے مناظرے کا چیلنج دے دیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس کے ذریعے نواز شریف کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ 8 فروری سے پہلے کسی بھی وقت اور کہیں بھی مجھ سے بیٹھ کر مناظرہ کریں‘۔
بلاول نے کہا کہ عالمی سطح پر صدارتی اور وزارت عظمیٰ کے امیدوار ٹیلی ویژن پر ہونے والے مباحثوں میں حصہ لیتے ہیں اور وہ اپنے ووٹرز کو منصوبوں کے بارے میں اہم نکات بتاتے ہیں۔
پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ووٹنگ سے قبل شفافیت کا عمل برقرار رکھنے کیلیے ووٹرز کو یہ آگاہی ہونا بہت ضروری ہے۔
اس سے قبل ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ سمجھ رہی ہے کہ انہوں نے میچ فکس کرلیا جبکہ وہ تو گھروں سے بھی باہر نہیں نکل رہے، ایک سیاست دان چوتھی بار وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بیٹھنے کیلیے کوششیں کررہا ہے۔