رحیم یار خان: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لاہور کے سیاست دانوں سے ہم ڈرنے والے نہیں ہیں، الیکشن میں ڈٹ کر مقابلہ ہوگا۔
انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بڑی مشکل سے کل شیر نظر آیا ہے، ایسا نہ ہو آپ کی تعداد دیکھ کر شیر واپس گھر میں چھپ کر بیٹھ جائے۔ لاہور کے سیاست دانوں کو پیغام ہے ہم ڈرنے والے نہیں، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ انتخابات میں ان شا اللہ جیت آپ کی، تیر کی اور پیپلز پارٹی کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام بے روزگاری اور مہنگائی کے باعث پریشان ہیں۔ صرف پیپلز پارٹی ہے جو الیکشن اپنے منشور پر لڑ رہی ہے۔ ہم نے مہنگائی و غربت کا مقابلہ کرنے کے لیے 10 نکاتی ایجنڈا پیش کیا ہے۔ حکومت میں آکر اپنے 10 نکاتی ایجنڈے پر عمل کروں گا۔ میں قائد عوام، شہید بے نظیر بھٹو کی طرح وعدے پورے کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک شخص جو وزیراعظم بنا تھا کہتا تھا 50 لاکھ گھر بناؤں گا۔ہم نے سندھ میں گھر بنا کر مالکانہ حقوق دینے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ ان کو صرف فکر ہے کسی نہ کسی طرح چوتھی بار کرسی پر بیٹھ جائیں۔ پیپلز پارٹی عوام کے لیے اپنا معاشی معاہدہ سامنے لے کر آئی ہے۔ 10 نکاتی ایجنڈے پر عمل کرنے کیے لیے پیسوں کا بندوبست کرنا پڑتا ہے۔ وفاق میں 7 وزارتیں چلانے میں سالانہ 300 ارب خرچ ہوتا ہے، ہم ان وزارتوں کو بند کرکے 300 ارب عوام پر خرچ کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہر سال ایک ہزار 500 ارب اشرافیہ کو سبسڈی دی جاتی ہے۔ حکومت بنی تو اشرافیہ کی سبسڈی ختم کرکے پیسہ آپ پر خرچ کریں گے۔ پہلے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام لائے تھے اب کسان کارڈ لائیں گے۔ ہم بے نظیر مزدور کارڈ کے ذریعے مالی مدد پہنچائیں گے۔ خواتین کا بلاسود قرض دیں گے تاکہ وہ کاروبار شروع کر سکیں۔