پاک بھارت کشیدگی نے سابق آسٹریلوی کرکٹر و کمنٹیٹر میتھیو ہیڈن کی بیٹی گریس انتہائی خوفزدہ کردیا۔
انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں بطور ٹی وی پریزینٹر خدمات انجام دینے والی گریس ہیڈن سابق آسٹریلوی کرکٹر و کمنٹیٹر میتھیو ہیڈن کی صاحبزادی ہیں اور آفیشل براڈکاسٹر کے ساتھ کام کررہی تھیں۔
اس دوران انکے والد ہیڈن لیگ میں نیشنل نیٹ ورک کے ساتھ کمنٹری میں مصروف تھے۔
گریس ہیڈن نے انسٹاگرام پر گاڑی میں سفر کے دوران بنائی گئی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنی خیریت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ وہ ممبئی میں موجود ہیں جبکہ ان کے والد بھی دھرم شالا سے ممبئی پہنچ چکے۔
گریس نے کہا کہ گزشتہ شب بہت ہی خوفناک تھی، میں نے اسٹوڈیو میں دہلی اور پنجاب کنگز کا میچ دیکھا جسے درمیان میں ہی ختم کردیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان اور بھارت دونوں سے ہی محبت کرتی ہوں، ان دونوں میں تصادم میرے لیے دل دہلا دینے والا اور کافی خوفناک ہے۔
واضح رہے کہ 2021 کے ٹی20 ورلڈکپ میں میتھیو ہیڈن پاکستانی ٹیم کیساتھ بطور بیٹنگ کوچ خدمات سرانجام دے چکے ہیں، اس ایونٹ میں پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست دی تھی۔