پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، شہریوں میں خوف و ہراس

0

اسلام آباد:ملک کے مختلف حصوں میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب 5.6 شدت زلزلے کے شدید جھٹکوں نے عوام کو ہلا کر رکھ دیا۔

زلزلے کے جھٹکے لاہور اور گردونواح، اسلام آباد، راولپنڈی، صوابی، دیر، سوات، مالاکنڈ اور چترال سمیت کئی شہروں میں محسوس کیے گئے، پشاور، مالاکنڈ، ایبٹ آباد اور بٹ گرام میں بھی زمین لرز اٹھی۔

زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 4 بج کر 13 منٹ پر آیا، زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی، جس کی شدت اس قدر تھی کہ لوگ نیند سے جاگ کر خوفزدہ حالت میں گھروں سے باہر نکل آئے۔

امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق ہندوکش ریجن افغانستان میں زلزلے کی شدت 5.6 اور گہرائی 69 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کا مرکز افغان علاقے کلفغان سے 108 کلومیٹر دور مشرق میں تھا۔

افغان صوبے نورستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جبکہ تاجکستان اور ازبکستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد علاقوں میں لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے مقامات کی جانب دوڑتے دکھائی دیے۔

تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم حکام صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں