معروف ڈراما نویس اور سینیئر اداکار سید محمد احمد نے پاکستانی ڈراموں میں گرتے ہوئے معیار پر تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں محمد احمد کا کہنا تھا کہ ڈراما کسی اور چیز کا نام ہے، آج کل ہماری انڈسٹری میں جو بن رہے ہیں وہ ڈراما نہیں ہیں۔
سید احمد نے کہا کہ جو چینل لگاؤ، ہر جگہ ایک ہی جیسے ڈرامے چل رہے ہیں۔ شائقین بھی تنگ آچکے ہیں۔
ڈرامہ نویسی چھوڑ کر اداکاری میں قسمت آزمانے والے سید محمد احمد نے کہا کہ اگر کسی وجہ سے کوئی ڈراما کامیاب ہوگیا تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ اس جیسے ہی ڈرامے بنائے جاتے رہیں۔
انھوں نے آج کل ڈراموں میں دکھائے جانے والے کرداروں پر بھی تنقید کی۔ ساس، سسر، دیور بھابھی اور ایسے متعدد مقدس رشتوں کو غلط انداز سے پیش کیا جا رہا ہے۔
سید احمد نے ڈرامے لکھنے چھوڑ کر اداکاری کی جانب آنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ اب کسی کو اچھی کہانیوں کی ضرورت نہیں۔ پیٹ پالنا ہے اس لیے اداکاری شروع کردی۔