برطانیہ میں ایک ٹوٹا ہوا گملا 19ویں صدی کے ایک فنکار کا “گمشدہ” شاہکار نکلا جو 66 ہزار ڈالرز (ایک کروڑ 85 لاکھ پاکستانی روپے میں نیلام ہوا۔
4 فٹ کا گملا ایک باغ میں پایا گیا جسے ہینس کوپر نے بنایا تھا جو 1939 میں جرمنی سے برطانیہ فرار ہوئے تھے اور 1964 میں جنوبی لندن کے کیمبر ویل اسکول آف آرٹس میں پڑھا رہے تھے۔
لندن میں چِس وِک آکشنز نامی نیلام گھر نے ابتدائی طور پر گملے کو 6.7 سے 11 لاکھ روپے کے درمیان حاصل کرنے کا اندازہ لگایا تھا لیکن کئی فریقوں کی دلچسپی کے بعد ایک امریکی یہ بولی جیت گیا۔
نیلام گھر کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہر کوئی پرجوش ہے۔ ہمیں توقع نہیں تھی کہ یہ گملا اتنی زیادہ قیمت پر جائے گا۔ ایک بولی کی جنگ تھی جس میں امریکا، ڈنمارک سے بولی لگانے والے اور ایک خاتون شامل تھیں۔
انتظامیہ نے بتایا کہ حقیقت یہ ہے اس خراب شدہ سیرامک کو اگر اتنی قیمت پر فروخت کر سکتے ہیں، اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ہینس کوپر نے اپنی زندگی میں کتنا معاوضہ جمع کیا ہوگا اور ہینس ہمارے لیے انتہائی قابل احترام ہے۔
گملے کو کوپر نے 1964 میں ایک نامعلوم خاتون کلائنٹ کے ذریعے کمیشن کے بعد بنایا تھا۔ مالک نے اس گملے کو کئی سالوں تک اپنے قبضے میں رکھا یہاں تک کہ وقت کے ساتھ ساتھ یہ خراب ہوگیا۔ تاہم، خاتون نے گملے کو ضائع کرنے کے بجائے اسے جوڑا اور اسے اپنے لندن کے گھر کے عقب میں ایک باغ میں سجاوٹی پھولوں کے گلدان کے طور پر رکھ دیا۔