اسلام آباد:اسلام آباد ٹریفک پولیس نے مری انڈر پاس کی افتتاحی تقریب کے سلسلے میں سیکیورٹی انتظامات کے تحت 17 اپریل کو مخصوص ٹریفک بندش کا اعلان کر دیا ہے۔
جاری کردہ ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق بدھ کے روز صبح 10:30 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک کشمیر چوک سے بہارہ کہو جانے والی سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رکھا جائے گا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس دوران مری اور بہارہ کہو کی جانب سفر کرنے والے شہری متبادل راستوں کا استعمال کریں۔
مری یا بہارہ کہو جانے والے افراد کشمیر چوک سے راول ڈیم چوک، پارک روڈ، بنی گالہ اور کورنگ روڈ کے راستے اپنی منزل پر پہنچ سکتے ہیں۔
اسی طرح بہارہ کہو سے اسلام آباد یا راولپنڈی آنے والی ٹریفک کورنگ روڈ سے بنی گالہ، پارک روڈ، راول ڈیم چوک، فیض آباد اور کشمیر چوک کے ذریعے سفر کر سکتی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ سفری پریشانی سے بچنے کے لیے اپنے سفر میں کم از کم 20 منٹ کا اضافی وقت رکھیں اور ٹریفک پولیس کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔