کراچی:سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ متنازعہ کینالوں کا مسئلہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں حل اور مکمل ختم ہو چکا ہے۔
اپنے بیان میں سندھ کے سینئر صوبائی وزیر برائے اطلاعات و نشریات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی انتھک محنت اور مؤثر حکمت عملی کے باعث اب یہ مسئلہ مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2 مئی کو مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے آفیشل اجلاس کے بعد یہ معاملہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بند ہو جائے گا، تمام سیاسی جماعتوں اور وکلاء برادری سے گزارش ہے کہ سڑکیں کھول دی جائیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سڑکوں کو فوری طور پر کھول کر گڈز ٹرانسپورٹ کی روانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی کو مزید مالی یا معاشی نقصان نہ ہو، شاہراہوں کی بندش سے عوام، مال مویشی، امپورٹ ایکسپورٹ، کسانوں اور غریب طبقات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ اگر دھرنے ختم کیے جائیں تو یہ زیادہ بہتر ہوگا، اگر دھرنے جاری رکھے جا رہے ہیں تو کم از کم سڑکیں کھول دی جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو، احتجاج کو پرامن دائرے میں رکھا جائے تاکہ عوام کی زندگی معمول پر آ سکے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ وکلاء برادری اور تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں، حکومت سندھ ہر فریق سے مذاکرات کے لئے تیار ہے، سیاسی جماعتیں اور وکلاء برادری شرپسند عناصر پر نظر رکھیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال میں ہم سب کو مل کر سمجھداری سے فیصلے کرنے ہوں گے۔