سویڈن کے شہر مالمو کے مضافاتی علاقے میں کوآرڈینیٹر پاکستان مسلم لیگ (ن) اسد ایاز صاحب کی جانب سے ایک اہم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس کانفرنس میں وائس چیئرمین اوورسیز کمیشن پنجاب، بیرسٹر امجد ملک نے برطانیہ سے خصوصی طور پر اسکینڈینیویا میں شرکت کی۔
کانفرنس میں اسکینڈینیویا سے پاکستان مسلم لیگ (ن) پاکستان پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور کشمیر کونسل سویڈن کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی، اس موقع پر پاکستان کو درپیش مسائل، لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحدوں پر پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی جس میں سیاسی و سماجی رہنما غلام حسن اور جناب محترم بھٹی، کاشف عزیز ، نعت خوان اور مدثر نعیم بھی شامل تھے
کانفرنس کا مقصد تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندگان، خواہ وہ پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی یا کسی اور جماعت سے ہوں، کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر پاکستان کے مسائل پر تبادلہ خیال کرنا تھا، کشمیر کونسل سویڈن کی نمائندگی صدر سردار تیمور عزیز کشمیری، نائب صدر راجہ بلال مصطفیٰ، سیکریٹری جنرل اشتیاق خان، اور سیکریٹری فنانس راجہ اعجاز احمد نے کی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) سویڈن کے صدر جناب شیخ سعید، مسعود منہاس، پی ٹی آئی کے چودھری نوید اور خرم شہزاد سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
بیرسٹر امجد ملک نے ملک کو درپیش مسائل اور موجودہ حالات پر تمام شرکاء کو آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ سب سے پہلے پاکستان ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے ہم سب کو ایک ہونا ہوگا، انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سنےاور ان کے حل کیلئے عملی اقدامات کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اوورسیز کمیشن پنجاب اوورسیز پاکستانیوں کی آواز بنے گا۔
بیرسٹر امجد ملک کا مالمو، اسکینڈینیویا میں اسد ایاز کی میزبانی میں سیمینار سے خطاب
بیرسٹر امجد ملک، چیئرمین اوورسیز کمیشن پنجاب نے اسکینڈینیویا کی نمائندہ کمیونٹی میں منعقد ایک بڑی تقریب سےخطاب کیا، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے کے عزم کا اظہار۔
بیرسٹر امجد ملک نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار اسکینڈینیویا بھر کے نمائندہ سویڈن، ڈنمارک، ناروے کا دورہ کیا، ان ممالک میں موجود پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور اوورسیز کمیشن ان تینوں ممالک میں پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے ایک بھرپور اور موثر حکمت عملی بنا رہے ہیں۔
سویڈن میں ڈائیلاگ اور عوامی تعلقات کی نوعیت بھرپور رہی اور بڑی تعداد میں شرکت نے اسکینڈینیویا میں مسلم لیگ کو مزید مضبوط بنایا۔
اوورسیز پاکستانیوں خصوصاً اسکینڈینیویا کے ممالک میں مقیم تارکین وطن درپیش مسائل اور ان کے حل کیلئے تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ تقریب کمیونٹی میں یکجہتی، ہم آہنگی اور پاکستان سے وابستگی کے جذبے کو فروغ دینے کا باعث بنی۔
سردار تیمور عزیز کشمیری نے لائن آف کنٹرول پر جاری کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازعے میں سب سے زیادہ نقصان کشمیریوں کا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے قریب رہنے والے لوگوں کو اپنے گھر چھوڑنے پڑتے ہیں جو کہ ایک انتہائی مشکل صورتحال ہے۔
کانفرنس کے اختتام پر تمام جماعتوں کے نمائندگان نے یکجہتی اور اتحاد پر زور دیا اور اس بات کا عہد کیا کہ پاکستان کی سالمیت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
خصوصی رپورٹ: ارشد خان (ملتانی) سینئر صحافی