اسلام آباد:مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں آگ لگ گئی جہاں آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم ہوا کے تیز دباؤ کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔
سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں وائلڈ لائف کے پارک رینجرز آگ پر قابو پانے کیلئے مصروف عمل ہیں۔
وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے جو روملی ویلج کے قریبی علاقے میں لگی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ وائلڈ لائف کے پارک رینجرز آگ پر قابو پانے میں مصروف عمل ہیں، کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کا عملہ بھی آگ بجھانے کے لیے موقع پر موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقے میں ہوا کے تیز دباؤ کے باعث آگ پر مکمل قابو پانے میں مشکلات درپیش ہیں۔