لاہور: پاکستان سپرلیگ کے 17ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فہیم اشرف کی تباہ کن بولنگ کی بدولت پشاور زلمی کو 64 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مد مقابل تھیں جہاں زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ مارک 33 جبکہ مینڈس اور سعود شکیل 32، 32 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔
زلمی کے جوزف نے تین جبکہ صائم ایوب نے دو اور لک ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور زلمی اننگز
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو صائم ایوب 17 کے مجموعی اسکور پر صرف 7 رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بنے، اس کے بعد محمد عامر نے بابر اعظم کو 12 رنز اپنا شکار بنا کر پویلین بھیجا، یوں زلمی کو 21 پر دوسرے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
زلمی کے حسین طلعت کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی گلیڈی ایٹرز کے بولرز کے آگے زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹک سکا اور وہ 39 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔
گلیڈی ایٹرز کے فہیم اشرف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3.2 اوورز میں 33 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جبکہ خرم شہزاد 2، محمد عامر، ابرار اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔