پاک بھارت کشیدگی کے باعث انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کو غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے لیگ کے جاری ایڈیشن کے مستقبل پر بات چیت کیلئے ہنگامی میٹنگ طلب کی تھی، جس میں اعلیٰ عہدیدارن بھی شامل تھے۔
گزشتہ روز پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان میچ کے دوران غیر معمولی واقعہ پیش آیا تھا، جب اعلیٰ حکام نے میچ رکوادیا تھا جبکہ آئی پی ایل چیئرمین ارون دھومل نے میچ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تو گراؤنڈ میں بیٹھے کھلاڑیوں، شائقین کرکٹ اور چیئر لیڈرز بھی پریشان ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ بھارت آئی پی ایل کو ملتوی کرنے پر ایسے حالات میں مجبور ہوا ہے جب پاک فوج کے ہاتھوں اس کے رافیل طیارے، اسرائیلی ساختہ ڈرون اور ایل او سی پر پاک فوج کے دندان شکن جواب سے بھارت بڑے پیمانے پر عسکری نقصان اٹھا چکا ہے۔
بھارت کو پاکستان کے خلاف جارحیت کے بعد ناکامی کا منہ دیکھنے کے نتیجے میں نہ صرف عالمی سطح پر بلکہ اندرونی طور پر بھی شدید دباؤ کا سامنا ہے، جس کے بعد مودی سرکار اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے آئی پی ایل ملتوی کرنے سمیت دیگر پسپائی کے فیصلے کرنے پر مجبور ہو رہی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ روز آئی پی ایل میں پیش آئے واقعے کے بعد چیئرلیڈر کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں شدید خوف میں مبتلا دیکھا جاسکتا ہے، انہوں نے بتایا کہ اچانک پورا اسٹیڈیم خالی کروایا گیا، سب چیخ رہے تھے! شاید میں ابھی تک صدمے میں ہوں، کچھ سمجھ نہیں آرہا ہے کہ رو کیوں نہیں رہی۔
واضح رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارتی جارحیت پر پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا تھا جس کے باعث فوجی چوکیوں سمیت رافیل طیاروں تباہ ہوگئے، جس سے ہندوستانی حکمرانوں کو دنیا بھر میں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔