مظفرآباد:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے اپنی فضائی حدود سے بہاولپور، کوٹلی، مظفرآباد میں میزائل داغے ہیں اور بلااشتعال بزدلانہ حملہ کیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل احمد شریف نے کہا کہ اب سے کچھ دیر پہلے بزدل دشمن ہندوستان نے پاکستان میں مسجد سبحان اللہ بہاولپور احمد پور ایسٹ کے علاقے میں، کوٹلی اور مظفر آباد میں تین جگہ فضا سے میزائل داغے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری فضائیہ کے جہاز ہمہ وقت تیار ہیں، بھارت نے بزدلانہ حملہ کیا ہے، جو بلااشتعال اور شرم ناک حملہ ہے اور یہ اپنی فضائی حدود کے اندر سے کیا ہے۔
میجرجنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارت نے یہ حملہ اپنی فضائی حدود سے کیا ہے لیکن انہیں ہماری حدود میں داخل ہونے اور پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان حملوں سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور پاکستان اس کا جواب اپنی مرضی کے وقت اور مقام پر دےگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ شرم ناک اشتعال انگیزی ہے اور اس کو جواب کے بغیر جانے نہیں دیا جائے گا، بھارت نے اس وقت بلااشتعال اور بزدلانہ حملہ کرکے جو عارضی خوشی حاصل کی ہے، اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔