بھارت اپنے شہریوں اور سکھوں کو نشانہ بنا کر پاکستان کیخلاف محاذ بنانا چاہتا ہے، نائب وزیر اعظم

0

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کیخلاف جارحیت میں مسلسل ناکامی کے بعد اب اپنے ہی شہریوں اور بالخصوص سکھوں کو نشانہ بنانا چاہتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے اپنے ڈرونز کے ذریعے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو نشانہ بنایا تاکہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے پانچ جنگی طیاروں اور دو یو اے ویز کو گرایا جو انہیں ہضم نہیں ہوا، آج ہم نے ایک بھرپور سیاسی بیان جاری کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ روز ایک بیان جاری کر کے پروپیگنڈا کیا کہ پاکستان نے امرتسر پر حملہ کیا ہے، یہ جھوٹ اور بے بنیاد پروپیگنڈا ہے جس کو ہم نے مسترد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے ایک بے بنیاد کہانی گڑھی گئی کہ پاکستان نے بھارت پر حملہ کیا جس کے جواب میں ڈرونز فائر کیے، یہ الزام انتہائی شرمناک ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ قوم مطمئن رہے کیونکہ ہماری مسلح افواج ہر گھڑی و دم تیار ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ تمام مسلح افواج، حکومت الرٹ ہے، اگر انڈیا نے کوئی ایڈونچر کیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی مدد سے ہم نے 36 گھنٹوں قبل بھرپور جواب دیا اور آئندہ بھی رب کی رحمت سے نصرت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی بھارت نے اگر کچھ کیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں