نیو دہلی:بالی وڈ کی مشہور فلم مغل اعظم 1970 میں ریلیز ہوئی تھی اور تاریخ کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک ہے، جس کی وجہ اس کے ڈائیلاگ، برمحل گانے اور ناقابل فراموش سینز ہیں جو مداحوں کے دلوں میں بس چکے ہیں۔
لیجنڈری اداکار دلیپ کمار، پرتھوی راج کپور، مادھوبالا، دورگا کھوٹے اور نگار سلطانہ نے مغل اعظم میں مرکزی کردار ادا کیا تھا اور اس کے گانوں میں سب سے مشہور پیار کیا تو ڈرنا کیا اس قدر مشہور ہوا کہ فلم بین آج تک نہیں بھولے لیکن اس کی تیاری کے پیچھے کئی کہانیاں چھپی ہوئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق موہن اسٹوڈیوز میں تیار ہوا اور اسٹوڈیو کی تعمیر 150 فٹ لمبائی اور 80 چوڑائی کے ساتھ 35 فٹ اونچائی کے ساتھ ہوئی اور ا سکے تیار ہونے میں دو سال لگے اور اس کی سیٹ تیاری میں اس وقت ایک کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی تھی، جو اس وقت بالی وڈ کی کسی بھی فلم کے بجٹ سے کئی گنا زیادہ تھی۔
فلمی صنعت کے ماہرین کا خیال ہے کہ اگر یہ گانا آج کے حالات میں ریکارڈ ہوتا تو اس کی لاگت تقریباً 55 کروڑ بھارتی روپے ہوتی۔
جب پیار کیا تو ڈرنا کیا کے میوزک ڈائریکٹر نوشاد علی اور شاعری شکیل بدایونی کی تھی اور رپورٹ کے مطابق نوشاد علی نے گانے کو حتمی شکل دینے سے قبل کئی مرتبہ اس کے بول میں تبدیلیاں کیں اور دوبارہ لکھا اور آخری منظوری تک گانا تقریباً 105 مرتبہ ایڈٹ ہوا۔
لتامنگیشکر کی مدھر آواز میں گانے کو ایکو ایفکٹ دیے گئے جو اس وقت ایک غیرمعمولی بات تھی، جس سے لگتا تھا کہ بظاہر نوشاد علی ایک نیا تجربہ کر رہے ہیں اور ان کے تخلیق ذہن نے گانے کو لازوال شکل دے دی۔
مغل اعظم کو بالی وڈ تاریخ کی سب سے بڑی بلاک بسٹر فلم بنانے کے لیے جہاں دلیپ کمار جیسے عظیم اداکار کی صلاحیتیں میسر تھیں وہی مشترکہ کاؤشوں سے فلم تیار کی گئی اور اس کا ثمر بھی فلم بنانے والوں کو مل گیا۔
جب پیار کیا تو ڈرنا کیا یوں تو 65 سال قبل ریلیز ہوا تھا لیکن اس کے پیچھے مضمر تخلیقی اقدام کی بنا پر بالی وڈ کی تاریخ کا سدابہار گانا ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ اپنی مقبولیت برقرار رکھے ہوئے۔